ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / مسلم و و ٹوں کو متحد کرنے کی کو شش جاری، انڈیا اگینسٹ ویسٹیج آف ویلڈ ووٹس ملک کی دس ریاستوں میں سرگرم

مسلم و و ٹوں کو متحد کرنے کی کو شش جاری، انڈیا اگینسٹ ویسٹیج آف ویلڈ ووٹس ملک کی دس ریاستوں میں سرگرم

Sat, 06 Apr 2019 22:27:59  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی:6 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا)اگلے ہفتے سے لوک سبھا کے انتخابات کا عمل شروع ہو جائے گا لیکن ابھی تک کے حالات یہ بتا تے ہیں کہ اس بار ملک میں کوئی سیاسی لہر نہیں ، عوام کا ایک بڑا طبقہ بی جے پی ۔ آر ایس ایس کی ضد اور جارحیت کی حکمرانی سے عاجز ہے اور تبدیلی چاہتا ہے لیکن قومی متبادل کی حیثیت سے کوئی پارٹی یا سیاسی اتحاد سامنے نہیں آ یا ۔ یہ بات آج یہاں انڈیا اگینسٹ ویسٹیج آف ویلڈ ووٹس کے بانی و قومی کنوینر ،صحافی اور شاعر اشہر ہاشمی نے اس سماجی تحریک کی بہار میں رابطہ مہم کے پہلے مرحلے کی تکمیل پر کنوینر جہانگیر عادل(علیگ)کی رپورٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہی۔اشہر ہاشمی نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب عوام جی ایس ٹی ، نوٹ بندی ،مہنگائی،بے روزگاری ، ماب لنچنگ اور مسلمہ اصولوں سے انحراف کر کے ملک کو قرون وسطیٰ میں لے جانے کی کوششوں کے ساتھ مجموعی گھریلو پیداوار میں کمی ،اقتصادی سستی ،خدمات کے سکٹر میں گراوٹ، برامدات میں کمی اور مینوفیکچرنگ کے شعبہ میں مندی کے خلاف صف آرا ہو گئے ہیں لیکن پارٹیاں عوامی امنگ کے مطابق قومی متبادل فراہم کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جہانگیر عادل (علیگ)نے دو مہینے سے زیادہ بہار میں قیام کر کے پٹنہ ، نالندہ ، نوادہ، شیخ پورہ ، بیگو سرائے، گیا ، کشن گنج ،مظفرپور ، آرہ ، کٹیہار ، ارریہ ، پورنیہ ،سمستی پور اور چمپارن ضلعوں میں عوامی رابطے کے ذریعہ لوگوں میں سیکولر ووٹ خاص کر مسلم ووٹ متحد کرنے کی تحریک چلائی ، اس ربط ضبط کے دوران یہ بات کھل کر سامنے آئی کہ جو سیکولر پارٹیاں مسلمانوں کے ووٹ کے بل پر الیکشن لڑنے کی جرأت اور جیت جانے کی امید حاصل کرتی ہیں ان پارٹیوں میں مسلمانوں کو ان کا جائز حصہ دینے کا رجحان نہیں کے برابر ہے ۔ جہانگیر عادل (علیگ)نے بہار میں کم از کم سو میٹنگیں کیں او ر سماج کے مختلف طبقات کے لوگوں سے مسلسل ربط ضبط کے ذریعہ اس حوالے سے رائے عامہ ہموار کرنے کی کوشش کی کہ مسلم ووٹ کسی بھی حال میں تقسیم نہ ہوں ۔ مسلمان ووٹر زیادہ سے زیادہ تعداد میں ووٹ ڈالنے کے لئے گھروں سے نکل کر پولنگ بوتھ تک جائیں اور انتخابی عمل میں شریک ہوں اور اسی کے ساتھ یہ یقینی بنائیں کہ ان کے ووٹ برباد نہیں جائیں اوروہ انتخابی عمل کے ذریعہ ایک نمائندہ پارلیمنٹ منتخب کرنے کا فریضہ انجام دیں۔ اشہر ہاشمی نے کہا کہ بہار رابطہ مہم کامیاب رہی ، اب تحریک کے کنوینر جہانگیر عادل (علیگ) تلنگانہ میں کچھ دن قیام کر کے مغربی بنگال اور جھارکھنڈ کے دورہ پرپہنچیں گے ۔ اشہر ہاشمی نے مزید کہا کہ یہ تحریک پانچ سال سے چل رہی ہے اور ملک کی کئی ریاستوں جیسے کہ دہلی ، اتر پردیش ، بہار ،جھارکھنڈ ، مغربی بنگال ، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، راجستھان،آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں بہت پرجوش سماجی کارکن اس تحریک سے وابستہ ہیں اور مسلم ووٹوں کو متحد کرنے کیلئے رائے سازی کا کام چل رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ مختلف تنظیمیں بھی میدان میں سرگرم عمل ہو گئی ہیں اور بڑے پیمانہ پررائے سازی کے لیے پوسٹراورپمفلٹ تقسیم کیے جارہے ہیں۔


Share: